کم عمر افراد میں فالج کا خطرہ بڑھنے کی وجہ دریافت

545

واشنگٹن: کم عمر خصوصا جوان افراد میں فالج کا خطرہ بڑھانے کی وجہ ماہرین نے دریافت کرلی ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایک ایسی علامت سامنے آئی ہے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ کسی فرد میں فالج کا کتنا خطرہ ہے۔ 50 سال سے کم عمر افراد میں بے خوابی کے مختلف مسائل اور فالج کے خطرے میں اضافے کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بے خوابی، سونے کے بعد نیند کو برقرار رکھنے میں مشکلات اور جلد اٹھنے جیسے مسائل فالج کے خطرے کا عندیہ دیتے ہیں۔جرنل نیورولوجی میں شائع تحقیق میں 31 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں فالج کی تاریخ نہیں تھی۔

ان افراد میں نیند کی عادات اور بے خوابی کی علامات کو جانچا گیا اور پھر 9 سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا، اس عرصے میں 2101 فالج کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ بے خوابی کی ایک سے 4 علامات کا سامنا کرنے والے افراد میں فالج کا خطرہ 16 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

بے خوابی کی 5 سے 8 علامات کا سامنا کرنے والے افراد میں فالج سے متاثر ہونے کا خطرہ 51 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں بے خوابی کی علامات اور فالج کے خطرے کے درمیان ٹھوس تعلق موجود ہے۔

محققین نے بتایا کہ فالج کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کا سامنا عمر بڑھنے کے ساتھ ہوتا ہے، مگر بے خوابی کی علامات جوانی میں بھی نظر آسکتی ہیں، تو فالج کی روک تھام کے لیے ان پر نظر رکھنا ضروری ہے۔