وسیم اکرم نے بابر اعظم کو پاکستان کا برائن لارا قرار دے دیا

503

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باولر وسیم اکرم نے قومی کپتان بابر اعظم کو پاکستان کا برائن لارا قرار دے دیا۔ پری ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بابر اعظم کی مقبولیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے پاکستان میں ایسے ہی چاہنے والے ہیں جیسے برائن لارا نے شائقین کو ویسٹ انڈیز کے اسٹیڈیمز کی طرف راغب کیا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بابر اعظم فیب فائیو کا حصہ بن چکے ہیں اور ان میں سب سے کم عمر ہونے کے باوجود وہ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو بابر اعظم نے 60 کی اوسط کے ساتھ 1500 سے زائد رنز بنائے ہیں۔ فیب فور میں ایسے بلے باز موجود ہیں جن کی اوسط 50 سے زائد ہے اور وہ کافی عرصے سے ریڈ بال کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

خیال رہے کہ بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ پہلے نمبر پر آسٹریلوی کرکٹر مارنس لبوشین، دوسرے پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور تیسرے پر آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو سمتھ شامل ہیں۔