قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

669

اے نبیؐ، تم جس حال میں بھی ہوتے ہو اور قرآن میں سے جو کچھ بھی سْناتے ہو، اور لوگو، تم بھی جو کچھ کرتے ہو اْس سب کے دوران میں ہم تم کو دیکھتے رہتے ہیں کوئی ذرہ برابر چیز آسمان اور زمین میں ایسی نہیں ہے، نہ چھوٹی نہ بڑی، جو تیرے رب کی نظر سے پوشیدہ ہو اور ایک صاف دفتر میں درج نہ ہو۔ سْنو! جو اللہ کے دوست ہیں، جو ایمان لائے اور جنہوں نے تقویٰ کا رویہ اختیار کیا، ان کے لیے کسی خوف اور رنج کا موقع نہیں ہے۔(سورۃ یونس:61تا63)

عبداللہ بن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’قیامت کے دن بندے کے قدم اپنی جگہ سے ہٹ نہ سکیں گے جب تک کہ اس سے ان چیزوں کے بارے میں سوالات نہ کرلیے جائیں: جوانی کو کن کاموں میں کھپایا۔ زندگی کن کاموں میں گزاری۔ مال کہاں سے کمایا۔ اور کن کاموں میں خرچ کیا۔ جو علم حاصل کیا تھا اس پر کتنا عمل کیا؟‘‘
(ترمذی)