واٹس ایپ صارفین اب ہائی کوالٹی کی تصویر بھی بھیج سکیں گے

750

کیلی فورنیا: سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ واٹس ایپ کے صارفین کو عموماً تصویر بھیجنے میں ایک دقت کا سامنا تھا کہ تصویر کی کوالٹی اچھی نہیں ہوتی تھی، تاہم اب کمپنی کی جانب سے ہائی کوالٹی بھیجنے کا فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی معلومات دینے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بِیٹا انفو کے مطابق صارفین اس نئے فیچر کا استعمال کرتے ہوئے تصویر کے معیار پر سمجھوتا کیے بغیر شیئر کر سکیں گے۔ اس فیچر کو تصویر شیئر کرتے ہوئے سامنے آنے والے آپشن پر کلک کرکے استعمال کرنا ہوگا۔

تصویر کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ صارفین کو جب بھی اعلیٰ معیار اور اعلیٰ ریزولیوشن کی تصویر شیئر کرنی ہوگی تو ہر بار ایچ ڈی آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا تاکہ معیار خراب ہوئے بغیر تصویر شیئر کی جاسکے۔ البتہ، ایچ ڈی کوالٹی کے باوجودتصویر میں  معمولی سا کمپریشن ہوگا۔

واٹس کی جانب سے یہ فیچر فی الحال چند اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بِیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے جاری کیا ہے۔بِیٹا ورژن میں فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کو تصاویر اسٹینڈرڈ اور ایچ ڈی کوالٹی کے درمیان اپنی مرضی سے بھیجنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر تمام صارفین کے لیے آئندہ دنوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم، کمپنی کی جانب سے کوئی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔