ساڑھے 4ارب روپے فرح گوگی کے اکاﺅنٹ میں ٹرانزیکشنز ہوئیں ، عرفان قادر

343

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے کہا ہے کہ ملک کو ایسی طرف لے جایا جارہا ہے جس میں چند ججز پارلیمان کے قانون کو بھی نہیں مانتے، اس پر ہم سب کے تحفظات ہیں،جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان قادر نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں بریک تھرو ہوا ہے، کچھ مزید شواہد سامنے آئے ہیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے کچھ رشتے داروں کو بھی ڈونیشنز آئے ، 190ملین پاﺅنڈز ریاست کا کہہ کر لائے، مگر گئے کسی فرد واحد کے اکاونٹ میں ، اس سے ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں بھی بڑا نقصان ہوا ،عرفان قادر نے بتایا کہ ساڑھے 4ارب روپے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کی دوست فرح گوگی کے اکاﺅنٹ میں ٹرانزیکشنز ہوئیں ۔ سپریم کورٹ کو اس پر سوموٹولینا چاہیے جو پیسہ پاکستان سرکار کے لیے آیا تھا، جنرل فیض کے کوئی آمدن سے زائد اثاثے ابھی تک سامنے نہیں آئے، اگر آئے تو یقینا نیب اس کودیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیس میں مریم بی بی کو کلیئر کیا جا چکا ہے،یہی کیس نواز شریف کیخلاف تھا، جو آمدن نواز شریف نے کبھی لی ہی نہیں، کہاگیا اسے چھپایا گیا، سپریم کورٹ نے یک جنبش قلم ان کے بنیادی حقوق بھی ختم کیے، عدلیہ کی ساکھ اگر متنازع ہوگئی ہے تو اس کوٹھیک کریں گے، ہم ان چند ججز کے ساتھ نہیں کھڑے جو آئین قانون کو ہاتھ میں لینا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر تمیز الدین کیس کے فیصلوں تک سب سپریم کورٹ کوواپس لینے چاہییں، اب قانون کی سمت کو درست کردیاگیاہے، سپریم کورٹ کے پی سی او ججز نے جن ججز کو نکالا تھا، ان میں، میں خود بھی شامل تھا لیکن میں اپیل نہیں کروں گا۔ مجھ پر اللہ ویسے ہی بہت مہربان ہے۔