آزاد کشمیر ضمنی انتخاب: غیر سرکاری نتائج میں پیپلزپارٹی کو برتری

395

باغ: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی نشست ایل اے 15 کے لیے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی باغ کے علاقے کی نشست ایل اے 15 پر پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوئی، جس میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے اور 142 پولنگ اسٹیشنز کے موصولہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار ضیا القمر 15 ہزار 504 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس 14 ہزار 782 ووٹ کے ساتھ دوسرے جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ ضمیر 5 ہزار 400 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب ریٹرننگ آفیسر نے نتائج جاری کرنے سے روک دیے ہیں جس کے بعد تمام امیدوار کارکنان کے ہمراہ آر او آفس پہنچے۔ ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ تمام جگہ سے رزلٹ موصول ہونے کے بعد ہی حتمی نتائج جاری کیے جائیں گے۔