سعودی ولی عہد سے امریکی وزیر خارجہ کی جدہ میں اہم ملاقات

510
meeting

جدہ: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے. ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بات چیت کی ہے جس کا مقصد دیرینہ اتحادی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اعلیٰ امریکی سفارتکار کی ملاقات جدہ کے قصر السلام میں ہوئی۔سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی کھلی ملاقات تھی جس میں علاقائی اور دوطرفہ مسائل کی مکمل رینج کا احاطہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق تقریبا ایک گھنٹہ 40 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں سوڈان سے امریکیوں کے انخلا کے لیے سعودی عرب کی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوئی۔

سعودی عرب کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے مغرب اس کی متنازعہ جوہری سرگرمیوں اور علاقائی تنازعات میں ملوث سمجھتا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر سعودی حکام سے ملاقات کے علاوہ انٹونی بلنکن ریاض میں اسلامک اسٹیٹ مخالف اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ چھ ممالک پر مشتمل جی سی سی میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی تیل کی دولت سے مالا مال ملک کے تین روزہ دورے کے دوران سوڈان اور یمن میں تنازعات کے خاتمے کی کوششوں، اسلامک سٹیٹ گروپ(داعش) کے خلاف مشترکہ جنگ اور اسرائیل کے ساتھ عرب دنیا کے تعلقات پر بھی گفتگو ہو گی۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے یہ دورہ مشرق وسطی میں تیزی سے بنتے ہوئے اتحاد کے وقت کیا ہے، جس کا مرکز چین کی ثالثی میں مارچ میں علاقائی ہیوی ویٹ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت ہے۔