سمندرپار پاکستانیوں کو ڈالر بھجوانے پر پرکشش مراعات دینے کا فیصلہ

455

اسلام آباد: حکومت نے نئے بجٹ میں سمندرپار پاکستانیوں کو ڈالر ملک بھجوانے پر پرکشش مراعات دینے کا فیصلہ کرلیا۔

پروگرام کے حوالے سے متعلقہ محکموں نے ڈیوٹی فری یا کم ٹیکس پر گاڑی درآمد کرنے کی اجازت اور ہاؤسنگ اسکیموں میں کوٹہ رکھنے سمیت متعدد تجاویز وزارت خزانہ کو بھجوا دیں۔

پاکستان کا 24-2023 کا بجٹ 9 جون کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ وفاقی حکومت نے بجٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 4 سے 5 تجاویز تیار کرلیں، جس کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ڈیوٹی فری گاڑی منگوانے کی اجازت ہوگی۔

مقررہ حد تک ڈالر بھجوانے پر فری یا کم ٹیکس پر گاڑی درآمد کی اجازت دینے کی بھی تجویز ہے۔ بجٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈالر میں ادائیگی پر سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں 20 فیصد کوٹہ رکھنے اور سرکاری اسکیموں میں ڈالر سے پلاٹ خریدنے پر مناسب منافع دینے کی تجاویز شامل ہیں جب کہ اوورسیز پاکستانیوں سے انٹربینک کے بجائے اوپن مارکیٹ ریٹ کے قریب ڈالر خریدنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بجٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈالر ایکسچینج ریٹ میں ٹیکس کی چھوٹ دینے اور ترسیلات زر بھجوانے پر بینکوں میں بھی اوورسیز کو ریلیف فرہم کرنے کی تجویز ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دینے سے محکموں نے اپنی تجاویز وزارت خزانہ کو بھجوادی ہیں جس کی  حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔