یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی 80 روپے سستا

431

اسلام آباد: ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پرسبسڈائزڈ گھی کی قیمتوں میں 80 روپے فی کلو کی کمی کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت فراہم کیے جانے والے سبسڈائزڈ گھی کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ملک بھر کے تمام اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی کی قیمتوں میں 80 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔سبسڈائزڈ گھی جو پہلے 490 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا تھا اب کل سے410 روپے فی کلو کے حساب سے ملے گا۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صارفین کے لیے گھی 300 روپے فی کلو میں ہی فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت بنیادی اشیا (آٹا، چینی، گھی، چاول، دالیں ) پر خصوصی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب دیگر برانڈڈ اشیا کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم ہے ۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عوام کو سستی اور معیاری اشیا کی بروقت فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔