پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہا

319

راولپنڈی: وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیر خارجہ کو عدالتی احکامات کے بعد جیل سےر ہا کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ان کی صاحبزادی بھی اپنے وکیل کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس چودھری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے نظربندی پٹیشن پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور نظربندی کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ شاہ محمود قریشی رہائی کے 3 روز میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بیان حلفی جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔