کسی سیاسی جماعت پر پابندی سے کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوتا، وزیر داخلہ

515

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے کیونکہ اس سے کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوتا، بروقت الیکشن نہ ہوئے تو چھ ماہ میں ملکی معیشت اور خراب ہوجائے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بروقت الیکشن ملکی معاشی ودیگرمسائل کےحل کیلیےناگزیر ہیں،اگر وقت پر الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان مسائل کا شکار ہوجائے گا اور ملکی معیشت مزید خراب ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایسے ہونے چاہییں جس کے نتائج سب کو قبول ہوں کیونکہ 2018 میں ہونے والے انتخابات کے نتائج پر ہمیں اور دیگر سیاسی جماعتوں کو تحفظات تھے تاہم جمہوریت کی خاطر ہم نے مفاہمت کا راستہ اپنایا اور بلاول نے کہا کہ قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں مگر چیئرمین پی ٹی آئی نے مخالفت کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چارٹر آف اکنامی کا الیکشن کے بعد طے ہونا ضروری ہے کیونکہ مستقبل میں معاشی چیلنجز مزید ہوسکتے ہیں۔ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد نہیں ہے اور تمام جماعتیں الیکشن میں اپنا اپنا امیدوار میدان میں اتاریں گی۔پنجاب میں نواز شریف کا ووٹ بینک ہے جو کسی اور کو نہیں جائے گا۔ہمارا مخالف ووٹ پی ٹی آئی کا تھا جو اب 4 حصوں میں تقسیم ہوگیا ہے اور اب یہ پیپلزپارٹی، جہانگیر ترین  اور  ن لیگ کے پاس آئے گا۔