قومی لیڈرشپ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلیے الیکشن کی تاریخ پر متفق ہو، لیاقت بلوچ

449
Petrol and dollar price

کراچی: نائب امیرجماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی ومعاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی لیڈرشپ کو مل بیٹھ کر سیاسی مسائل کا سیاسی حل تلاش اور عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے پر اتفاق کرنا چاہیے۔

قبا آڈیٹوریم کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت داعی قرآن و سنت کورس ٹرینر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کا بہانہ بناکرانتخابات کا التوا نقصان دہ ثابت ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریاتی، فلاحی اور انقلابی جماعت ہے جس کے قیام کا مقصد ملک میں قرآن وسنت کا نفاذ ہے، اسلامی وخوشحال پاکستان اور  حل صرف جماعت اسلامی محض ایک دعویٰ اور نعرہ نہیں بلکہ ہمارے پاس مخلص، قابل ودیانتدار قیادت اور وژن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی پاپولر ووٹ وسپورٹ کے حساب سے نمبر ون پارٹی ہے، اس لیے کراچی کی میئر شپ پر ان کا حق بنتا ہے۔عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ۔

چار روزہ ٹرینر ورکشاپ سے صوبائی امیر محمد حسین محنتی، ممتاز حسین سہتو،حافظ نصراللہ عزیز، ملک آفتاب اور پروفیسر سعید احمد دھامراہ نے بھی خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم رہے گا مگر مفاد پرست قیادت نے اپنی پالیسیوں سے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔علمائے کرام منبرومحراب کے پلیٹ فارم سے اصلاح معاشرہ کے ساتھ اسلامی انقلاب کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔