قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری: حجم 2709 ارب روپے ہوگا

334
Budget

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2023-24 کیلئے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ترقیاتی بجٹ کاحجم 2709 ارب روپے ہوگا.مجموعی ترقیاتی پروگرام میں وفاق 1150 ارب روپے خرچ کرے گا جس میں 200 ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ جبکہ 950 ارب روپے وفاق کا پی ایس ڈی پی ہوگا.صوبوں کا مجموعی ترقیاتی بجٹ 1559 ارب روپے ہوگا ۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق مالی سال2022-23 کے نظر ثانی شدہ ترقیاتی بجٹ (PSDP) کی منظوری دی گئی۔مجموعی ترقیاتی پروگرام میںپنجاب کا ترقیاتی بجٹ 426 ارب روپے اور خیبر پختونخوا کا 268 ارب روپے ہوگا جو آئندہ چار ماہ کیلئے ہے.

اسی طرح سندھ کے سالانہ ترقیاتی بجٹ 617 ارب روپے جبکہ بلوچستان کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کی مد میں 248 ارب روپے کی منظوری دی گئی.سال 2023-24 کے ترقیاتی فنڈ میں رواں برس کی نسبت 17 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے.ترقیاتی بجٹ میں مجموعی طور پر 1182 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں 311 نئی جبکہ 871 جاری ترقیاتی اسکمیں ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ملک میں مجوعی طور پر سرمایہ کاری کی شرح 13.61 فیصد رہی جبکہ آئندہ مالی سال میں اس کا ہدف بھی بڑھا کر 15 فیصد رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 2023-24 کے ترقیاتی بجٹ میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، سماجی شعبے، موسمیاتی تبدیلی سے بچا، عالمی معیار کی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت کی ترقی اور توانائی کے شعبے کی جدت و اصلاحات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔