عافیہ صدیقی کی رہائی کی چابیاں اسلام آباد میں ہیں، ڈاکٹر فوزیہ

502

ٹیکساس، کراچی: عافیہ موومنٹ کی چیئر پرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کی چابیاں اسلام آباد میں رکھی ہوئی ہیں۔

اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے 20 سال بعد ملنے امریکا میں موجود ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے اعزاز میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر شوگرلینڈ میں پاکستانی امریکی کانگریس کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی نے استقبالیہ دیا، جس میں پاکستانی قونصلیٹ ہیوسٹن کے قونصل جنرل آفتاب چودھری اور عافیہ فاؤنڈیشن امریکہ کے صدر الحاج موری سلاخن نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابیاں اسلام آباد میں رکھی ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کو کراچی سے اغوا کر کے پہلے افغانستان اور پھر امریکا لے جایا گیا ۔ عافیہ نے اپنے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم کی جو داستان بتائی ہے اس کو دہرانا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناانصافی کہیں بھی ہو وہ انصاف کے لیے بڑا خطرہ ہے۔عافیہ سے ہونے والی 3 ملاقاتوں کے بعد میں رات کو صحیح طریقہ سے سو نہیں سکی ہوں۔ عافیہ کی تعلیمی ڈگریوں کے بارے میں غلط بیانی کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر عافیہ نے Neuroscience Cognitive میں PhD کی ہے، جس کا بیالوجی، بائیو کیمیکل یا نیوکلیئر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عافیہ کی مہارت تعلیم کے شعبے میں ہے۔ مجھ سے کہا جاتا تھا کہ عافیہ آپ سے ملنا نہیں چاہتی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ وہ 6 سال سے دنیا سے کٹی ہوئی تھی گویا کہ ایک اندھیرے گڑھے میں پڑی ہوئی تھی۔

تقریب سے ڈاکٹر اشرف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ بے قصور تھی اور آج بھی بے قصور قید ہے۔ اس کا اسامہ بن لادن یا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ڈاکٹر عافیہ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا ہے۔

استقبالیہ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور الحاج موری سلاخن کو پاکستان امریکن کانگریس کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔