زرداری کے قریبی دوست یونس قدوائی عدالت میں سرنڈر

435

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی دوست یونس قدوائی نے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں اسلام آباد ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈ کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی ٹرائل کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹا دی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق یونس قدوائی نے ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کردیا ہے،  درخواست گزار کے سرنڈر کرنے کے بعد حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹائی جاتی ہے۔

یونس قدوائی نے کینیڈا سے واپس وطن پہنچ کر ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کیا ہے، یونس قدوائی کے خلاف چھ ریفرنس زیر سماعت تھے۔

نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت 3 ریفرنس نیب کو واپس ہو چکے ہیں جب کہ یونس قدوائی کے خلاف 3 ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں تاہم اس پر نیب نے عدالت کو بیان دیا ہے کہ زیر سماعت 3 ریفرنسز میں یونس قدوائی کی گرفتاری مطلوب نہیں۔ اسی لیے یونس قدائی کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ یونس قدوائی کے خلاف میگا منی لانڈرنگ، پنک ریزیڈنسی اور سندھ بینک ریفرنسز زیر سماعت ہیں، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 8 جون کو پنک ریزیڈنسی ریفرنس کی سماعت کریں گے۔