حکومت نے ایک سال میں 14 ہزار 900 ارب کا قرضہ لیا، اسٹیٹ بینک

370
annual report

کراچی: اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے ایک سال کے دوران 14 ہزار 900 ارب روپے کا قرضہ لے کر ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملک پر اندرونی اور بیرونی قرضوں  کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق اپریل 2022ء میں ملک پر مجموعی قرض کا حجم 43705 ارب روپے تھا جو اپریل 2023ء میں غیرمعمولی طور پر بڑھ کر 58599 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

وفاقی حکومت نے ایک سال کے عرصے میں 14900 ارب روپے کا ریکارڈ قرضہ لیا، یعنی 41  ارب روپے یومیہ قرض لیا گیا۔ حکومت نے  ایک سال میں مجموعی ملکی قرض کا 34 فیصد قرضہ لیا۔صرف  اپریل 2023ء میں 1476 ارب روپے  کے ریکارڈ قرضے لیے گئے۔اپریل میں بیرونی قرضے نہ ملنے کے باعث 99 فیصد قرضے مقامی ذرائع سے لیے گئے۔

مرکزی بینک کے اعدادوشمار کے مطابق ایک سال  میں ملک پر واجب الادا بیرونی قرض 7259 ارب روپے ( 49 فیصد) بڑھ کر 22050 ارب  روپے ہوگیا۔ اسی طرح ایک سال کی مدت میں اندرونی قرض   7635 ( 34 فیصد ) ارب روپے بڑھ کر36549 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔