دودھ کے عالمی دن پر قیمت میں اضافے کا تحفہ

493

کراچی کے شہریوں کو دودھ کے عالمی دن پر قیمت میں اضافے کا تحفہ دے دیا گیا اور ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر تازہ دودھ کی قیمت میں ازخود 10 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد کراچی کے بعض مقامات پر دودھ کی قیمت 220 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی فی لیٹر قیمت 180 روپے مقرر کررکھی ہے، اس کے باوجود شہر میں دودھ 210 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے، اور موجودہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مئی میں پٹرول کی قیمت تقریباً 20 روپے اور جون کے پہلے دن 8 روپے فی لیٹر کم ہوئی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اب قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کا اعلان کرنے سے پہلے کمشنر کراچی سے مشورہ کرنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی جاتی۔ ڈیری مافیا کی یہ یک طرفہ کارروائی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ڈیری مافیا کا مسئلہ کوئی نیا نہیں ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت اس مسئلے کو بھی موثر طریقے سے حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وجہ صرف یہی ہے کہ اس مافیا کے بھی مضبوط سیاسی روابط ہیں جو انہیں قانونی کارروائی سے بچاتے ہیں۔ کراچی کے لاکھوں لوگوں کے لیے دودھ ایک ضروری شے اور غذائیت کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ڈیری مافیا کی جانب سے قیمتوں میں غیر قانونی اضافے نے اس ضروری شے کو بہت سے لوگوں کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کہیں تو بتائے کہ وہ موجود ہے، اور اپنی رٹ قائم کرے۔ ساتھ ہی اس امر کی بھی ضرورت ہے کہ ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے اور ڈیری مافیا پر انحصار کم کرنے کے لیے چھوٹے ڈیری فارمرز کی مدد کی جائے۔