بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیدیا

643

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار  دیتے ہوئے وفاق سے بھی ٹیکسوں میں چھوٹ کا مطالبہ کردیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صوبائی حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ وہ بھی گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے۔

صوبائی حکومت کے فیصلے کے بعد ضلع گوادر میں سروسز، ایکسائز ٹیکس اور منتقلی جائداد پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے پر سینیٹر کہدہ بابر نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دینا ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا جو صوبائی کابینہ نے منظور کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی وفاقی ٹیکسز میں چھوٹ دے۔

سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ گوادر ٹیکس فری زون سے سی پیک اصل روح میں بحال ہوگا۔ٹیکس فری زون سے گوادرپورٹ فعال اور سرمایہ کار راغب ہوں گے۔پورٹ سٹی دبئی اور سنگارپور بھی ٹیکس فری زون تھے،  تبھی وہاں ترقی ہوئی۔ گوادر میں انڈسٹری لگنے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار اور فارن ایکسچینج بھی آئےگا۔