پنجاب میں 10برس بعد  45 لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت

466
پنجاب میں 10برس بعد  45 لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت

لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں، پنجاب میں 10برس کے بعد تقریبا 45 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت ہو چکی ہے اور15جون تک 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گاـ

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی بوائی کی رپورٹ پیش کی گئی محسن نقوی نے کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا اور ہدایت کی کہ کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائےـ

نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے صوبہ بھرمیں جعلی زرعی ادویات کے انسداد کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اورانسپکٹر جنرل پولیس کو جعلی پیسٹی سائیڈ کیلئے کریک ڈاؤن کی نگرانی اور روزانہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں معیاری زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سٹالز اور سنٹرز قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیاـ

محسن نقوی نے کہا کہ 3 ڈویژن میں کاٹن سے متعلق امور کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ سیل بنائے جائیں گے اور جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گا ـ

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گےـ کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھنے سے نا صرف فارمرخوشحال ہو گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی ـ

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرنے پر سیکرٹری زراعت،کمشنرز اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ،اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا کہ فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا میں کپاس کی بوائی کا ہدف 100 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ملتان میں کپاس کی بوائی کا 96 فیصد، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 92 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا گیا ہے ـ

چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کاٹن فارمرز کی رجسٹریشن اور آن لائن رپورٹنگ کا سسٹم وضع کیا جا رہا ہے ـفیلڈ اسسٹنٹ موبائل ایپ کے ذریعے کپاس کی کاشت کی نگرانی اور ایڈوائزری سروسز سرانجام دیں گے، کاٹن کا تصدیق شدہ بیج کاشت کرنے والے فارمرز کی جیو ٹیگنگ کی جا سکے گئی کپاس کی فصل پر سنڈیوں کے حملے کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کئے جا سکیں گےـ

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی، لائیوسٹاک، خوراک، خزانہ، کمشنر لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب لینڈ ریکار اتھارٹی،پنجاب بینک، پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے حکام نے اجلاس میں شرکت کی فواد مختار،سیکرٹری جنرل اپٹما شاہد ستار اور متعلقین زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سیکرٹری زراعت، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب، کمشنرز اور آر پی اوز اور دیگر زرعی ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔