عوام نے جن قوتوں پر اعتماد کیا وہی مسائل کا سبب بن رہے ہیں، مولانا عبدالحق

455
citizen

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ عوام نے جن قوتوں پر اعتماد کیا، وہی مسائل و مشکلات کا سبب بن رہے ہیں، آج بھی حل صرف جماعت اسلامی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بہت پارٹیاں اور بہت سے ارکان سینیٹ ہیں لیکن قوم کی حافظ قرآن بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی اور قانونی انصاف کی فراہمی کے لیے صرف جماعت اسلامی کا ایک سینیٹر عملی جدوجہد کر رہاہے جو جماعت اسلامی کا اعزازہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف عافیہ صدیقی نہیں بلوچستان کے جگر گوشوں کے لیے سب سے بڑھ کر عملی میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ ان شا اللہ جماعت اسلامی کی جدوجہد وسرگرمیاں کامیاب ہوں گی اور اس کی بدولت قوم مسائل کے دلدل سے نکل کر اسلامی حکومت کی طرف جائیں گے ۔

مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کونااہل کرنے ،اقتدار بچانے اور مقدمات ختم کرنے کے بجائے عوامی مسائل مشکلات اورپریشانیاں ختم کرنے پر توجہ دی جائے۔مقتدرقوتوں کیساتھ ساتھ عوام نے جن قوتوں پر اعتمادکیا وہی مسائل ومشکلات کا سبب بن رہے ہیں آج بھی حل صرف جماعت اسلامی ہے ۔

صوبائی امیر جماعت نے کہا کہ حکمران اور مقتدرقوتیں بلوچستان سے صرف کماناچاہتے ہیں انہیں اہل بلوچستان کے مسائل ومشکلات اورپریشانیوں سے کوئی تعلق نہیں۔  مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر سے جس تحریک کاآغازکیا وہ انشاء اللہ بہت جلد صوبہ بھر میں پھیل جائے گا۔ عوام کو شعور دے کر جائز حقوق کے لیے قانونی جدوجہد میں بہتری ووسعت لے آئیں گے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے صرف جماعت اسلامی میدان عمل میں موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان شا اللہ قوم کو جماعت اسلامی دیانت دار قیادت واسلامی حکومت دے کر پریشانیوں اورمشکلات سے نجات دلائے گی۔