مغربی میڈیا کی پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس مسترد

485
مغربی میڈیا کی پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس مسترد

اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ نے مغربی میڈیا کی پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کی گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں، دنیا کے ہر مہذب ملک کی طرح 9 مئی کے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی قانونی تقاضا ہے، یہ ہمارا قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے قومی و نجی املاک، حساس فوجی تنصیبات اور ریاستی علامات پر حملہ کیا، مریضوں کو اتار کر ایمبولینسوں کو آگ لگائی، سکول اور ہسپتال جلائے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، جناح ہائوس، ریڈیو پاکستان اور اس کا نادر تاریخی ورثہ جلایا، ان جرائم میں قانون کے مطابق یہ غنڈے زیر تفتیش ہیں اور سزا پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں دنیا کے ہر ملک میں یہ جرم ناقابل معافی ہوتا ہے جس طرح کیپٹل ہل، امریکہ اور لندن فسادات میں حملہ آوروں کو سزائیں ملیں، امریکہ اور لندن میں فسادیوں اور حملہ آوروں کو دی گئی سزائوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متعلقہ وزارت کا موقف جانے بغیر منظم مہم کے تحت مغربی میڈیا میں آنے والی خبریں، مضامین اور تجزیے غیر پیشہ وارانہ، یک طرفہ، حقائق کے برعکس اور متعصبانہ قرار پائیں گے جس پر ہم قانونی چارہ جوئی کا  حق  محفوظ رکھتے  ہیں۔