حکومت فوڈ سیکورٹی کے بڑھتے بحران پر توجہ دے، پی ایم اے

447

کراچی: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کی حالیہ رپورٹ میں سامنے آنے والے تشویشناک نتائج کو تسلیم کیا ہے، جس میں پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کے اہم مسئلے پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

پی ایم اے اس سنگین تشویش کو دور کرنے اورسب کے لیے خوراک کی رسائی، دستیابی، اور غذائیت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔پی ایم اے کا کہنا تھا کہ حکومت قومی ایجنڈے پر فوڈ سیکورٹی کے معاملے کو ترجیح دے اور اس بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ وسائل مختص کرے۔

پی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ پالیسیوں اور پروگراموں کو فوری طور پر نافذ کیا جائے، اور یہ بھی ضروری ہے کہ بہترین نتائج کے حصول کے لیے باقاعدہ نگرانی کا طریقہ کار قائم کیا جائے۔پی ایم اے پاکستان میں غذائی عدم تحفظ پر قابو پانے کے لیے حقائق پر مبنی حکمت عملی تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ہم ملکر ہی ایک صحت مند قوم بنا سکتے ہیں۔

ڈبلیو ایف پی اور ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق خوراک کا عدم تحفظ خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے، جس سے پاکستان بھر میں لاکھوں افراد اور خاندانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔