ملائشین قونصل جنرل کی نمل یونیورسٹی کراچی کیمپس آمد،تعلیمی اُمور پر تبادلہ خیال

466
arrival

کراچی: ملائیشیا کے قونصل جنرل حرمن حردیانتا بن احمد نے نمل یونیورسٹی کراچی کیمپس کا خصوصی دورہ کیا اور طلباء و طالبات سے خصوصی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملائیشیا کے قونصل جنرل نمل کراچی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال نمل کراچی کے ریجنل ڈائرکٹر بریگیڈئیر (ر) علی حیدر کاظمی(ہلال امتیاز ملٹری) نے کیا جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ اساتذہ بھی موجود تھے۔

کراچی کیمپس کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کے ساتھ ہونے والی مشترکہ خصوصی نشست میں ملائیشیا کے قونصل جنرل حرمن حردیانتا نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں پیشہ وارانہ صلاحیتیوں ک تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہونہار طلباء وطالبات ملائیشیا میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں اپنی بھرپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ نمل کراچی کا دورہ ان کے لئے مفید اور معلومات سے بھرپور رہا ہے۔ ملائیشیا تعلیم کے میدان میں ہر ممکن تعاون کو بروئے کار لانے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ملائیشیا میں موجود مواقع اور ملائیشین حکومت کی نئی حکمت عملی اور پالیسیوں کے بارے میں تفصیل سے اظہار خیال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کو جاری رکھیں گے تا کہ تعلیمی کے پھیلاؤ اور ایک پر امن معاشرے کے قیام کے لئے مشترکہ کوشش جاری رہے۔انہوں نے نمل کراچی کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی سرگرمیوں کی بھی تعریف کی۔

نمل کراچی کیمپس کے ریجنل ڈائرکٹر بریگیڈئیر (ر) علی حید رنے ملائیشیا کے قونصل جنرل کو نمل کے قیام اورنمل میں پڑھائے جانے والے تعلیمی اسناد سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان میں نمل ایک منفرد ادارہ ہے جہاں دنیا کی مختلف زبانوں کے ساتھ ساتھ مینجمنٹ سائنس اور سوشل سائنسز سمیت دیگر شعبہ جات میں سند دی جاتی ہے۔

مشترکہ نشست میں نمل کراچی کے اساتذہ میں عدنان صدیقی، حسن احمد، ڈاکٹر فضلی حسین، ڈاکٹر صابر اعجاز، سیداسماعیل شاہ، سمیہ ہاشمی، نمرا شیخ، ماریہ بتول، منتہی ٰضیاء، اقصیٰ اقبال، سائرہ اشرف، سبین اور دیگر موجود تھے۔

مہمان قونصل جنرل کو ریجنل ڈائرکٹر نمل کراچی کی جانب سے اعزازی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔