حکومت گنجائش کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے، وزیر خزانہ

398
Imran Khan

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ وریونیو اسحاق ڈار نے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے اور آئندہ مالی سال 2023-24کے وفاقی بجٹ میں تاجروں کی تجاویز کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد کی وزیر خزانہ سے ملاقات کے موقع پر تاجر وفد کی قیادت محمد نعیم میر کررہے تھے۔ ملاقات میں بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر خزانہ کو ملک کے تاجر وں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے تاجر برادری کو مسائل حل کرنے اور ان کی تجاویز پر بجٹ میں غور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک کو مشکل اقتصادی صورتحال کاسامنا ہے تاہم ماضی کی طرح ایک بارپھر ان مشکلات پرقابو پاکرملک کوپائیدار نمو کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت تمام شراکت داروں کے تعاون سے مشکل صورتحال پرقابوپانے میں کامیاب ہوگی۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ اقتصادی چیلنجز کے باوجود حکومت عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 2  مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایل پی جی اورخوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت گنجائش کے مطابق عوام کوریلیف فراہم کررہی ہے۔ وفد نے مسائل سننے اوربجٹ میں تاجروں کی تجاویز کوشامل کرنے پروزیر خزانہ کاشکریہ اداکیا اورتاجربرادری کی جانب سے حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کا یقین دلایا۔