روپے کو جھٹکا: ایک روز کمی کے بعد ڈالر پھر مہنگا

208
decline

کراچی:  روپے کے مقابلے میں ایک روزکمی کے بعد ڈالرکی قیمت میں پھر اضافہ ہوگیا۔ ڈالر کے انٹربینک نرخ 29 پیسے اضافے کے بعد 285.68 اور اوپن مارکیٹ ریٹ دو روپے اضافے کے بعد 300 روپے کی سطح پر آگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 30 پیسے اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 285 روپے 38 پیسے سے بڑھ کر 285 روپے 68 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے میں 0.11 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔

اُدھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور قیمت 300 روپے کی سطح عبور کرتے ہوئے 301 روپے کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی۔