امریکی شخص کی دریا دلی، طلبہ میں 25 لاکھ ڈالر تقسیم

469

بوسٹن: امریکی شخص نے اسناد تقسیم کرنے کی تقریب میں فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ میں 25 لاکھ ڈالر تقسیم کردیے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ارب پتی شخص رابرٹ ہیل نے میساچیوسیٹس یونیورسٹی کی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں شریک کامیاب طلبہ کو اس وقت حیران کردیا جب انہوں نے ہر طالب علم کو فی کس ایک ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا۔

تقریب کے دوران گرینائٹ ٹیلی کمیونکیشن اور 5 ارب ڈالر اثاثوں کے مالک رابرٹ ہیل اچانک ڈائس پر آئے اور انہوں نے تمام 2500 کامیاب گریجویٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے یہ نوید سنائی کہ وہ ہر طالب علم کو 2 لفافے دے رہے ہیں جن میں مجموعی طور پر 1000 ڈالر کی رقم برابر رکھی گئی ہے۔ ایک لفافہ ان کا انعام ہے اور دوسرے لفافے کے 500 ڈالرسے وہ کسی ایسے ہی بچے کی مدد کرسکتےہیں۔ اس طرح چند منٹوں میں انہوں نے 25 لاکھ ڈالر کی رقم تقسیم کردی ۔

واضح رہے کہ رابرٹ ہیل کرہ ارض پر 550 امیر ترین افراد میں بھی شامل ہیں اور انہیں فوربز میگزین نے غیرمعمولی سی ای او بھی قرار دیا ہے۔