ٹائی ٹینک کے ملبے سے لاکھوں سال پرانے دانتوں سے بنا ہار دریافت

752

لندن: ٹائی ٹینک کے ملبے کی جدید تصاویر بنانے کے مرحلے کے دوران لاکھوں سال پرانے دانتوں سے بنا ایک ہار دریافت ہوا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق لاکھوں برس قبل دنیا سے معدوم ہو جانے والی شارک مچھلیوں کی نسل میگا لوڈون کے دانت سے بنا ایک سونے کا ہار 111 سال بعد ٹائی ٹینک کے ملبے سے دریافت کیا گیا ہے۔ اس ہار کو اس وقت دریافت کیا گیا جب دنیا کے مشہور ترین بحری ملبے کے ڈیجیٹل اسکیننگ پراجیکٹ پر کام کیا گیا۔

ماہرین نے جہاز کی تمام زاویوں سے 7 لاکھ سے زیادہ تصاویر لیں اور پھر ان کی مدد سے 3 ڈی ماڈل تیار کیا۔ان تصاویر کا جائزہ لینے کے دوران اس ہار کو بھی دیکھا گیا جو سمندر کی تہہ میں موجود تھا۔تصاویر میں سونے کے ایک ہار کو دکھایا گیا ہے جس میں میگا لوڈون کا ایک دانت لگا ہوا ہے۔

تاحال تک یہ معلوم نہیں کہ یہ ہار کس کا تھا اور اس کی وہاں موجودگی فی الحال ایک معما ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے اس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شارک کی یہ نسل زمین پر 2 کروڑ 30 لاکھ سال قبل موجود تھی اور اسے اس مچھلی سب سے عظیم الجثہ نسل قرار دیا جاتا ہے۔یہ شارک اتنی بڑی ہوتی تھی کہ کلر وہیل کو محض 5 نوالوں میں نگل سکتی تھی۔