سی فوڈ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد سے زائد اضافہ

480
exports

اسلا م آباد:مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 16.22 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل تک کی مدت میں مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 406.09 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16.22 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 349.42 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ مقداری لحاظ سے اس مدت کے دوران مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 174703 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 131776 میٹرک ٹن تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2023 میں مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 51.05 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 26.62 فیصد زیادہ ہے۔

 گزشتہ سال اپریل میں مچھلی اور مچھلی کے گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 40.32 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔