خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر بغاوت کا الزام عائد کردیا

305
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر بغاوت کا الزام عائد کردیا

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر بغاوت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی ایک بغاوت تھی جو ناکام ہوگئی ،اس کے تانے بانے بیرونی سازش سے جاکر ملتے ہیں ،عمران خان مودی سے زیادہ خطرناک ہیں۔

مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویودیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعہ ایک بغاوت تھی جو ناکام ہوگئی، پاکستان کی افواج اور ریاست کو الگ الگ نہیں سمجھتا، گزشتہ کئی سال سے ہم حالت جنگ میں ہیں، فوج کی وجہ سے ہم ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوئے، فوج کو ٹارگٹ کرنا درست نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب فوج حکومت میں ہوتی ہے تو فوج کی قیادت سے اختلاف کرسکتے ہیں اور ان کی سیاسی مداخلت سے بھی اختلاف کیا جاسکتا ہے، پچھلے ایک سال سے فوج سیاست سے دوری اختیار کررہی ہے، معاشی صورتحال میں فوج کی معاونت شامل ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی مقبولیت کی بنیاد پر بغاوت کی، تمام تر بدامنی کے دوران وہ دوبارہ اقتدار چاہتا تھا، کینہ پرور شخص کو اپنے پلان میں ناکامی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر کے گھر میں داخل ہوکر جلادیا گیا، شہدا کی یادگاروں اور تصاویر کو نقصان پہنچایا گیا، تمام تانے بانے بیرونی سازش سے جاکر ملتے ہیں، 9 مئی کے واقعات سوچی سمجھی سازش تھی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے شہدا کو یاد رکھتے ہیں، شہیدوں کے مرتبے کو چیلنج کرنا درست نہیں، شہدا کا خون پاکستان کی بنیادوں میں شامل ہے، ذمہ داروں کے خلاف آرمی ایکٹ کا استعمال ہوسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیردفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنایا گیا تھا، ہم میرٹ کو فوکس کرنے پر اصرار کررہے تھے، کوئی بھی ہماری سیاسی چوائس نہیں تھا، وہ آوور کونفیڈینس کا شکار ہوجاتے ہیں، 9 مئی کے واقعے پر ٹیلی فون کالز کا ریکارڈ موجود ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ تنصیبات پر حملہ ہوا، میانوالی میں بیس پر حملہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود فوجی حکمرانی کے خلاف احتجاج کرتا رہا ہوں، پاک افواج کے احترام میں کبھی بھی کمی نہیں آنے دی، مراد سعید کی آڈیو درست ہے، ان لوگوں کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں، خوف آتا ہے کہ یہ لوگ اس حد تک جاسکتے ہیں۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ فوج اپنے ادارے کے تقدس کو بحال کررہی ہے، 75 سال میں وہ نہیں ہوا جو 9 مئی کو کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے بتایا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو جہانگیر ترین لائے تھے، کچھ لوگ سی وی جیب میں ڈال کر گھومتے ہیں اور افواہیں پھیلاتے ہیں، موجودہ حکومت میں تمام قومی جماعتیں شامل ہیں،ایک اور نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے زیادہ خطرناک قرار دے انہیں پاکستان کا اندرونی دشمن قرار دے دیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ لوگ ابھی انہیں پہچان نہیں رہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ فواد چوہدری جیل میں شاہ محمود قریشی کو ورغلانے گئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ 24 جون کو پیش کیا جائے گا اور بجٹ سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا۔