کراچی: محکمہ تعلیم بلدیہ وسطی کی جانب سےسالانہ امتحانی نتائج کی رنگارنگ و پروقار تقریب منعقد کی گئی، پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز اور تحائف تقسیم کئےگئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم بلدیہ وسطی کے ایلیمنٹری بورڈ کے تحت منعقدہ سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان ایک پروقار تقریب میں کیا گیا، تقریب میں آفاق سعید میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی، شمونہ صدف،محمد ظہیر ڈائریکٹر سینیٹیشن، مہتاب جہاں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ وسطی، عامر حسین ایڈیشنل ڈائریکٹر، عائشہ قمر ڈپٹی ڈائریکٹر گلبرگ،فیض بانو ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ ناظم آباد، خدیجہ تسلیم ڈپٹی ڈائریکٹر ناظم آباد، فرید رضا ڈپٹی ڈائریکٹر لیاقت آباد، سید زاہد حسین جعفری ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ کراچی، نسرین غنی انچارج ایلیمنٹری بورڈ، لبنیٰ غزل انچارج شعبہ ماحولیات، سمن نعیم ممبر ایلیمنٹری بورڈ،باصر زیدی صدر کراچی ریزیڈنسی، طلباء ؤ طالبات، والدین، اساتذہ کرام،سپروائزرز، اسٹاف ممبران نے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے شرکت کی۔ اور پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز اور تحائف تقسیم کئے ۔
تقریب میں میونسپل کمشنر آفاق سعید نے تمام اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات کو شاندار نتائج پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کا کردار ہر دور میں نمایاں رہا ہے چاہے وہ قیام پاکستان کے دوران ہو،قدرتی آفات ہو یا پھر ملک کی ترقی و روشن مستقبل کیلئے کاوشیں،تعلیم کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،پاکستانی طلباء کو اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں عزت اور وقار حاصل ہے۔ان کی مختلف شعبوں میں کامیابیاں قابلِ ستائش ہیں،کامیاب طلباء پر منحصر ہے کہ وہ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد اب ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
ڈائریکٹر ایجوکیشن ضلع وسطی مہتاب جہاں نے تمام کامیاب طلباء اور اساتذہ کرام کو انکی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم کا مستقبل آپ ہیں، آپ پر بڑی ذمہ داری آنے والی ہے۔ آپ نے اس ملک و قوم کی ترقی اور محفوظ و مستحکم بنانے میں اہم کردار ادہ کرنا ہے،کسی بھی قوم کے طلباء کو ہمیشہ ملک کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے اور یہ اس ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔؎
اس موقع پرشمونہ صدف اور محمد ظہیر نے بھی تعلیمی سطح پر بلدیہ وسطی کو ایک مثالی ضلع بنانے پر تمام اساتذہ کرام ؤ طلباء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان میں اساتذہ کرام کو دوسرے ملکوں کی نسبت زیادہ اہمیت دی جاتی اور ان کا احترام کیا جاتا ہے۔کیونکہ اساتذہ ہی نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔ اچھے طلبہ ہمیشہ ہی اپنے اساتذہ کا احترام کرتے ہیں،پرانی نسل کے لوگ اب بھی اپنے اساتذہ کو یاد کرتے ہیں اور بیشتر کو تو اپنے پرائمری اسکول کے اساتذہ کے نام تک ازبر ہیں۔