مفتاح اسماعیل وزارت سے ہٹانے کا گلہ نہ کریں، وزیر دفاع

304
criminal prosecution

لاہور: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ محترم برادرم مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پہ تبصرے سننے کو ملتے ہیں، مفتاح اسماعیل ن لیگ کا حصہ ہیں، جماعت ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ان کی قابلیت مسلمہ ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کے میڈیا پہ نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کیلئے مفید بھی ہو سکتی ہے اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں، جماعت نے ان کو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبارہوتی ہے۔