تھرپارکر میں دُعا فاؤنڈیشن کےتحت پانی کے منفرد منصوبے کا آغاز

732
Inauguration

تھرپارکر کی تحصیل کلوئی میں دُعا فاؤنڈیشن کے تحت سولر انرجی سے چلنے والے پانی کے منفرد منصوبے کا آغاز ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانی کے اس منفرد منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ زیر زمین پانی کو نہ صرف پینے بلکہ کچن گارڈننگ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ منصوبے سے گاؤں مہرانی کے سیکڑوں گھرانوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔جبکہ ڈھائی سو فٹ گہرے کنویں سے دن کے اوقات میں سولر پلیٹ کی طاقت سے پانی نکال کر ذخیرہ کرنے کا انتظام بھی ہے، جس کے لیے اوور ہیڈ ٹینک بنایا گیا ہے۔

دُعا فاؤنڈیشن کی جانب سے ٹینک سے 6 سے زیادہ مقامات پر پانی کی پائپ لائنیں علاقے میں بچھائی گئی ہیں۔ ان لائنوں کی تنصیب سے ایک وقت میں سیکڑوں افراد پانی حاصل کر سکتے ہیں۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں دُعا فاؤونڈیشن کے چیئرمین عامر خان، وائس چیئرمین ممتازعالم، ذبیح اللہ، عدنان رشید اور دیگربھی موجود تھے۔

علاقے کے عوام نے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاؤں مہرانی میں برسوں سے پانی کی شدید قلت تھی اور خواتین اور بچے بہت دور سے چند گھڑے پانی بھر کے لا تے تھے جو ہماری ضروریات کے لئے ناکافی تھا۔ دعا فاؤنڈیشن کے منصوبے سے نہ صرف پانی کی قلت کا خاتمہ ہوا ہے تو دوسری جانب ہمیں یہ موقع ملا ہے کہ ہم گلہ بانی اور بھیڑ بکریاں بھی پال سکتے ہیں۔ اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے ذرائع بھی پیدا ہوں گے۔

اس موقع پرعامر خان اور ممتازعالم کا کہنا تھا کہ کہ دُعا فاؤنڈیشن صحرائے تھر میں پانی کے سیکڑوں منصوبے مکمل کر چکی ہے اور ڈیپلو کی سرحد کے نزدیک یہ علاقہ سڑک سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے، جس کے لیے صحرا میں جیپ کے ذریعے ہی سفر کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی سبزیوں کی کاشت اور کچن گارڈننگ کے لیے علاقے کے باشندوں کو بیج اور تربیت فراہم کریں گے۔