اسلا م آباد: پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی سے متعلق جانچ پڑتال کیلئے برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔
پاکستان کے 3 بڑے ایئرپورٹس اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے سیکیورٹی آڈٹ کیلئے برطانوی سیکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کا وفد پاکستان پہنچ گیا، جو اسسمنٹ پروگرام برائے انسپکشن کے تحت ایئرپورٹس کی سیکیورٹی سے متعلق جانچ پڑتال کرے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈی ایف ٹی کے وفد کو ایئرپورٹ پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، برطانوی وفد نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی سیکیورٹی، فلائٹ کچن، گرانڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ شروع کردیا۔
حکام کے مطابق برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کا وفد علامہ اقبال انٹرنیشنل اور کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی سے متعلق بھی مکمل جانچ پڑتال کرے گا۔
برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے وفد کے دورے کا مقصد اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے براہ راست برطانیہ جانیوالی پروازوں کی سیکیورٹی کو جانچنا ہے اور اسے موثر بنانا ہے۔۔