سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ بندی میں پانچ روز کی توسیع پر اتفاق

422

خرطوم:سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز(آرایس ایف)کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا گیا۔

عرب میڈیاکے مطابق سوڈان کی فوج اور اس کی حریف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف)کے درمیان جنگ بندی میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان سعودی عرب اور امریکا کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے مزید انسانی امداد، ضروری خدمات کی بحالی اور ممکنہ طویل مدتی توسیع پر بات چیت کے لیے وقت ملے گا،یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دونوں فریقوں پر متزلزل جنگ بندی میں توسیع کے لیے دبا تھا جو پیر کو ختم ہونے والی تھی،اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سوڈان افراتفری کا شکار ہے۔

سوڈان کی طبی تنظیموں کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 866شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں،تنازعہ نے دارالحکومت اور دیگر شہری علاقوں کو جنگ کے میدانوں میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے تقریبا 1.4ملین افراد سوڈان کے اندر اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی طرف یا پڑوسی ممالک میں جانے پر مجبور ہو گئے ہیں،اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مطابق مکانات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے جس سے ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔