چینی تجارتی مرکز شنگھائی میں گرمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

626

بیجنگ: چین کے اہم تجارتی مرکز اور سب سے بڑے شہر شنگھائی میں رواں ماہ گرمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق رواں شنگھائی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.7 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ تھا، جسے گزشتہ 100 برس میں سب سے زیادہ قرار دیا جا رہا تھا، تاہم پیر کے روز شنگھائی میں درجہ حرارت 36.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ ہونے کے نتیجے میں پیر 29 مئی شنگھائی کی تاریخ میں گزشتہ 100 برس میں گرم ترین دن کے طور پر ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے وہاں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محسوس ہونے کی حد تک درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ کا احساس دیتا رہا۔ شدید گرمی کے باعث کاروباری مراکز اور عوامی مقامات سنسان دکھائی دیے اور شہریوں نے گھر میں رہنے کو ترجیح دی۔

واضح رہے کہ ماہرین دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسم کے شدید گرم ہونے کا انتباہ جاری کرچکے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے موسم پر پڑنے والے غیر متوقع اور منفی اثرات کا سامنا جنوبی ایشیائی ممالک کو مہلک ہیٹ ویوز کی صورت میں کرنا پڑے گا۔