پشاور: ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

502

پشاور: پختونخوا کے دارالحکومت سے اکٹھے کیے گئے 2 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل  کا کہنا ہے کہ پشاور میں 2 مقامات، لڑمہ اور نرے خوڑ سے لیے گئے نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لیب کے مطابق پولیو وائرس جینیاتی طور پر افغانستان کے صوبے ننگرہار میں موجود وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  پاکستان اور افغانستان پولیو کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، پاکستان کا پولیو پروگرام کا پولیو سرویلنس نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زوردیا کہ وہ بچوں کو  پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔