پشاور میں تجاوزات کیخلاف کارروائیاں، 660 افراد پر جرمانے عائد

510
Crackdown

پشاور: سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ماہ کے دوران تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیوں میں 660 افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیوں پر 388 موٹر سائیکل مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔ آئی جی پولیس اختر حیات خان کے وژن کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی نہ کرنے بارے آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے کہنا ہے کہ اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف شہر کے تمام سیکٹروں میں کارروائیاں کی گئی ہیں جس کے تحت تجاوزات قائم کرنے پر 660 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اسی طرح کینٹ سیکٹر میں بلور پلازے کے سامنے’ خوشحال بازار’ سرکی گیٹ اور نمک منڈی میں نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 388 موٹر سائیکل مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کرکے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کرے  اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کرے۔