اسلام آباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جیلوں میں کشمیری قیادت کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔
یاسین ملک کو راستے سے ہٹانے کے لیے ہندوستان جعلی مقدمات میں سزائے موت دلانے کی سازش کررہا ہے عالمی اور اسلامی برادری اس کا نوٹس لے ،جماعت اسلامی شہداء کے خون کی امین ہے کسی کو بے وفائی نہیں کرنے دیں گے ۔
جماعت اسلامی اللہ کے دین کے قیام اور غلبے کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی انسانوں کی سیرت وکردار کی تعمیر کا اہتمام کررہی ہے ،جماعت اسلامی نے صاحب کردار لوگ تیار کیے جن کی امانت اور دیانت کی گواہی دنیا دے رہی ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امراء جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی،سردار اعجاز افضل خان،نائب امراء شیخ عقیل الرحمان،نورالباری،ارشد ندیم ایڈووکیٹ،راجہ فاضل تبسم،راجہ جہانگیر خان،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان ،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع سمیت دیگر راہنمائوں نے گفتگو کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ دنیا میں وہی تبدیلیاں لاتے ہیں جو سب سے پہلے اپنے آپ کو تبدیل کرتے ہیں اللہ بھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتے جو اپنی حالت خود بدلنے کی سعی اور کوشش نہیں کرتی ،ہمارے سارے مسائل قرآن وسنت کی تعلیمات کی دوری کی وجہ سے ہیں پوری قوم قرآن وسنت کی طرف لوٹ آئے رجوع الی اللہ کرے ،روزانہ قرآن و حدیث کامطالعہ کریں قرآن کے ساتھ تعلق کو مضبوط کریں ۔