سعودی عرب کی شام میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کی تیاریاں

356

دمشق:شام میں سعودی سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر تبادلہ خیال کے لیے تکنیکی ٹیم  دمشق پہنچ گئی۔  

وزارت خارجہ کے عہدہ دار غازی بن رافع العنزی کی سربراہی میں وفد نے شام کے دارالحکومت دمشق میں وزارتِ خارجہ کے صدر دفتر میں شام کے معاون وزیر خارجہ برائے تارکینِ وطن ایمن سوسان سے ملاقات کی ہے۔ 

ملاقات میں سعودی سفارت خانہ  دمشق میں دوبارہ کھولنے سمیت تعلقات کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

خیال رہے کہ سعودی عرب اور شام کے درمیان سفارتی تعلقات ایک دہائی سے زائد عرصے سے منقطع تھے۔ 

شامی صدر بشارالاسد کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر سعودی عرب سخت مقف اپنائے ہوئے تھا تاہم گزشتہ مہینے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دمشق کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر بات چیت کی تھی جب کہ عرب لیگ میں بھی شام کی رکنیت بحال کردی گئی ہے۔