عمران خان کی بنائی گئی کمیٹی  سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا، خواجہ سعد رفیق

333

لاہور:وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے کہ مذاکرات کا دور شروع ہوا، میں اس سارے عمل کا حصہ تھا، جب وقت تھا ہم نے بات کی، بات طے بھی ہوگئی تھی کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے ہیں جو کہ سب چاہتے ہیں لیکن جب پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی تو انہیں عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کو بند کردو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ہم نے گالیاں کھا کر بھی مذاکرات کا ماحول پیدا کیا تو وہ آپ نے ناکام بنادیا، اب یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ملکی دفاعی تنصیبات و املاک پر حملہ کریں اور غنڈہ گردی کریں اور جب ناکام ہوجائیں تو کہیں کہ آئیں مذاکرات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے جو کمیٹی بنائی ہے اس سے کوئی مذاکرات نہیں کر رہا، یہ تو سیاسی جماعتوں کو چور اور غدار کہتے تھے، حالانکہ انہوں نے جو کام کیا ہے وہ غداروں والا ہے، لہذا یہ مذاکرات کا ماحول نہیں ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم پوری طرح سے نگرانی کر رہے ہیں کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے اور کوئی ذمہ دار سزا سے نہ بچے۔ سیاست کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ، جی ایچ کیو پر دھاوا بولنا نہیں ہے، یہ دہشت گردوں کا کام ہے، اس سے پہلے جی ایچ کیو پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جن سے ریاست مقابلہ کر رہی ہے، آپ نے بھی وہی کام کیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو پوری قوم اور افواجِ پاکستان سے معافی مانگنی چاہیے، اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے کیونکہ یہ احتجاج نہیں بلکہ حملہ اور دہشت گردی ہے، تخریب کاری اور شرپسندی ہے۔