عمران خان قوم سے معافی مانگےتو مذاکرات ہوسکتے ہیں، وزیر خزانہ

571
Imran Khan

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان سے اب مذاکرات صرف اس وقت ہو سکتے ہیں جب وہ قوم سے9مئی کے واقعات پر معافی مانگیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ اپنی غلطی مانیں اور وعدہ کریں کہ آئندہ ایسا کچھ نہیں کریں گے جو 9مئی کو ہوا، حکومت نے پی ٹی آئی سے خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کئے ، الیکشن کی تاریخ کے علاوہ تمام باتوں پرپی ٹی آئی کو راضی کر لیا لیکن پھرتحریک انصاف والوں نے 9مئی کردیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کے قوم سے معافی مانگے بغیر پی ٹی آئی سے بات چیت نہیں ہوسکتی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کہیں نہیں ہورہی، قانون کو راستہ لینے دیں، وہ لوگ ریاست کو ماں سمجھتے تو حساس تنصیبات پر حملے نہ کرتے۔ پُرامن احتجاج سب کا حق لیکن مسلح افواج کی تنصیبات پر حملوں کی معافی نہیں ہونی چاہیئے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ بڑی خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کئے،تین روز کے اندر ہمارے مذاکرات کے پانچ دور ہوئے اورآخری دور میں دونوں اطراف نے 75فیصد ایجنڈے پر اتفاق کر لیا تھا۔ الیکشن کی تاریخ پر تنازعہ تھا، ان کا خیال تھا کہ چونکہ 14مئی ان کے لئے بڑی مقدس تاریخ تھی جس کاپنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے اعلان ہو چکا تھا۔

انہوں نےکہاکہ  پی ٹی آئی والوں نے مطالبہ کیا ہم اپنی حکومت 14مئی کو خود تحلیل کردیں،ہم نے کہا کہ اگر 14مئی کو تحلیل ہوتی ہے توپھر90دن میں انتخابات ہوں گے اورآپ کے حساب سے 14اگست کے قریب ، قریب انتخابات ہوں گے، ہم کہتے ہیں کہ ہماری مدت 12اگست تک ختم ہوتی ہے اوراگر ہم ایک دو دن قبل10اگست کو حکومت تحلیل کرتے ہیں تو پھر مدت نومبر بنتی ہے، ہمیں چاہیئے کہ کسی درمیانی نقطہ پر متفق ہو جائیں۔