پاکستان کے شہدا کی تذلیل نا قابل معافی جرم ہے، حافظ محمد ادریس

369

لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہپاکستان کے شہدا کی تذلیل نا قابل معافی جرم ہے، پاک فوج کے  بہادر سپوتوں نے انسانیت کی حفاظت اور پر امن شہریوں کو مسلح دہشت گردوں کے حملوں سے بچانے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ مختلف افریقی اور دیگر ممالک میں یو این او کے تحت اس فوج میں خدمات سر انجام دینے والے شہید پاکستانی افسران اور نوجوانوں کو تمغوں سے نوازا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے ان بہادر سپوتوں نے مختلف علاقوں میں انسانیت کی حفاظت اور پر امن شہریوں کو مسلح دہشت گردوں کے حملوں سے بچانے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے،یہ پاکستان اور پاک فوج کے لیے ایک اعزاز ہے ،اس کے ساتھ ہمارے لیے یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ وطن عزیز کے اندر قربانیاں دینے والے قوم کے محسنوں کی یاد گاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جرم سے آنکھیں بند کرنا اور مجرموں کو ڈھیل دینا قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ہم فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں مگر فوری انصاف کے ذریعے خصوصی عدالتوں کو ان گھنائونے جرائم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا۔جرم خواہ کسی بڑے نے کیا ہو یا معمولی شخص نے سب کے ساتھ قانون اور عدل و انصاف کے ساتھ نمٹنا ضروری ہے۔عدالتوں کو نہ کسی کے ساتھ زیادتی کرنی چاہیے نہ قانون سے ماورا رعایت کرنی چاہیے۔