جامعات المحصنات کا مشن  انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہوگا، دردانہ صدیقی

420

کراچی: سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیمی میدان میں معلم کا فعال اور متحرک کردار ہے ، استاد کے پیش نظر تعلیم و تربیت کے ساتھ ایسے افراد کی تیاری پیش نظر ہے جو معاشرے میں بندگی رب کی ادائیگی اور خلافت ارضی کی ذمہ داری بخوبی نبھا سکے۔

جامعات المحصنات پاکستان کے پروگرام سے خطاب  کرتے ہوئے دردانہ صدیق نے کہا کہ مدارس کے قیام کی اصل روح اور غایت عمل بالدین ہے، علم کے ذریعے اللہ تعالی قوموں کو فضیلت  بخشتا ہے، انبیا اپنی وراثت میں درھم اور دینار نہیں چھوڑتے بلکہ وہ علم جیسی عظیم وارثت چھوڑ کر جاتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ  معلم انبیا کے وارث ہیں۔لہذا ہمیں صرف طالبات کی تدریس نہیں بلکہ ان کی نشونما کے ہر پہلو پر کام کرنا ہے- مغرب نے ہمارے ملک کے تعلیمی نظام کو اپنے طے شدہ ایجنڈے کے مطابق ڈھالنے کے لئے خطیر فنڈنگ کی ہے۔

رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین  کا کہنا تھا کہ اس ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے بحیثیت معلمہ ہم پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔اس امر کی ضرورت ہے کہ ہر سطح کی تعلیم میں طالبات کے لئے قرآن و سنت کو نظریہ پاکستان اور اسلام کے ساتھ مکمل طور پر جوڑ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  الحمد اللہ جامعات المحصنات پاکستان پراجیکٹ گذشتہ کء دہائیوں سے طالبات کے اندر مطلوبہ خصوصیات پیدا کرنے کے لئے دینی و دنیاوی تعلیم کا حسین امتزاج فراہم کر رہا ہے۔