کراچی: شہرقائد میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کےلئےواٹر پارک میں شاندار پکنک کا اہتمام کرکے کراچی پریس کلب نے ممبران کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کی جانب سے ہفتہ 27 مئی کو ممبران اورانکے اہل خانہ کیلئے وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا اہتمام کیا گیا، بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی واٹرپارک میں بھرپور تفریحی سے لطف اندوز ہوئے، کوئی تیراکی کے جوہر دکھاتا رہا تو کوئی لانگ سلائڈ کرتا نظرآیا، کراچی پریس کلب کی جانب سے انواع واقسام کے کھانے، ٹھنڈے مشروبات ودیگر سے تواضع کی گئی۔
پکنک کےلئے کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے- مختلف اُمور کے لیے قیام عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیئے-
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد کا کہنا تھا کہ اپنے ممبران کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہمارا خاصہ رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ممبران کو تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں تاکہ وہ تازہ دم ہو کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ممبران اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے۔کراچی پریس کلب کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر وائلڈ وینچر پارک کے اونر قادر بخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد سمیت گورننگ باڈی کے ارکان کو اجرک کا تحفہ پیش کیاجبکہ پریس کلب کی جانب سے قادربخش کلمتی اور دیگرز کو شیلڈ پیش کی گئیں۔
قادربخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے ممبران نے ہمارے پارک کو رونق بخشی۔ صحافی اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی میزبانی ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔
پکنک میں کراچی پریس کلب کے نائب صدر مشتاق سہیل، جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، خازن احتشام سعیدقریشی، ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو، رفیق بشیر، فاروق سمیع، کلثوم جہاں، ذوالفقار راچپراور ذوالفقارووہوچو سمیت سینئر صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
وائلڈ وینچر پارک میں صحافیوں کےلئے میڈیکل کیمپ کا خصوصی طور پر انعقاد کیاگیا تھا۔ پکنک میں کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے- مختلف امور کے لیے قیام عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیئے۔