وزیراعظم کا بیان حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے، جاوید قصوری

682
statement

لاہور: امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان” مہنگائی اتنی ہے کہ سمجھ نہیں آتا منہ چھپا کر کہاں جاؤں” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا بیان اپنی ہی حکومت کی ناکامی کا برملا اعتراف ہے۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت بھی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ان لوگوں کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم منہ چھپانے کی بجائے بجٹ میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات اس قدر ابتر ہو چکے ہیں کہ کسی ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں کہ وہ تنہا ان حالات کا مقابلہ کر سکے۔ ضرورت اس امر کی ہے تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت قومی کردار ادا کریں تاکہ ملک و قوم کو اضطراب اور داخلی انتشار کی کیفیت سے باہر نکالا جا سکے۔

 جاوید قصوری کا مزید کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ملک میں اس وقت حالات داخلی انتشار کی طر ف تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند اور حالات کو قابو میں کرنا ازحد ضروری ہو چکا ہے۔ پاکستانی معیشت اور معاشرہ دونوں ہی اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ افراتفری اور اضطراب کی کیفیت کو برقرار رکھا جائے ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان سیاسی چپلقش کا خمیازہ ملک و قوم بھگت رہے ہیں۔