الخدمت کے تحت رضاکاروں کیلیے تربیتی ورکشاپ

388

لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کے ڈیزاسٹرمنیجمنٹ پروگرام کے رضاکاروں کے لیے  سنگھوٹہ سوات  میں4 روزہ  ٹریننگ  ورکشاپ کا انعقادکیا گیا۔جس میں ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے شرکت کی۔

ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد ریسکیو اور ریلیف میں جدید مہارتوں  کے ذریعے  رضاکاروں  کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ انہیں  کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ٹریننگ ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،نائب صدر  اعجاز اللہ خان، الخدمت ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام  کے نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود    اور پروگرام منیجر آصف جمال سمیت  ملک بھر سے 60رضاکاروں  نے شرکت کی۔

ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز فہیم احمد خان، ہارون الرشید اور اے ڈی لاشاری  نے رضاکاروں کو خود کو محفوظ بناتے ہوئے  آفات اور حادثات سے  نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر، ریسکیو،کیمپ منیجمنٹ، رَوپ ریسکیو، فلڈ منیجمنٹ، فرسٹ ایڈ اور بیسک لائف سپورٹ کورسز کی ٹریننگ دی ۔

ورکشاپ میں رضاکاروںکو  نقشوں اور ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ  کے ساتھ عملی  مشقوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔اِس موقع  پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن   نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے۔ پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں  الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ہر اول دستہ کی صورت موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں لیکن مناسب تربیت اور حفاظتی انتظامات سے اس کی شدت اور ممکنہ نقصانات کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ الخدمت  اپنے رضاکاروں کی ٹریننگ کے لیے  عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں ریسکیو اور ریلیف کی مکمل تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ خود کو محفوظ بناتے ہوئے کسی  بھی ناگہانی  آفت یا حادثے  کی صورت میں  متاثرین کو بروقت مدد فراہم کرکے قیمتی جانیں بچا سکیں۔

الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ  پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود نے  اِس موقع پر کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث  پاکستان  بری طرح  متاثر ہوا ہے۔ایسی  صورتحال  میں رضاکاروں کے لیے    ٹریننگ  ورکشاپس کا انعقاد  وقت کی اہم ضرورت ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن  کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت  رواں سال ہر ریجن میں اسی طرز کی 4 روزہ  جبکہ  اضلاع میں 1 روزہ ٹرینگ ورکشاپ کا  اہتمام کیا جائے گا۔

رواں سال اب تک الخدمت کی جانب سے رضاکاروں کو10 ٹرینگ سیشنز کروائے   جا چکے ہیں  جس میں 250 سے زائد افراد کو ٹریننگ دی  گئی ہے۔الخدمت ایک لاکھ سے زائد افراد کو ٹریننگ  دینے کا عزم رکھتی ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس اور بیجز بھی تقسیم کئے گئے۔