سارک چیمبر کے صدر افتخارعلی ملک سبکدوش،صدارت 2سال کیلئے بنگلہ دیش کوسونپ دی

447
سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک سبکدوش،صدارت 2سال کیلئے بنگلہ دیش کوسونپ دی

کراچی:سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک جون2020 سے مئی2023تک طویل ذمہ داریاں نبھانے کے بعد جنوبی ایشیاء اور دنیا کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت بنگلہ دیش کے جاشم الدین کے سپرد کردی جو بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر اوربنگال کمرشل بینک کے چیئرمین ہیں۔

  سبکدوش صدر افتخار علی ملک وڈیولنک کے ذریعہ باضابطہ طور پر گزشتہ روز بنگلہ دیش میں ہونے والی تقریب میںسارک چیمبر کی15ویں صدارت جاشم الدین  کے حوالے کی۔افتخار علی ملک سارک چیمبر کے وہ  واحد صدر رہے جنہوں نے تین سال تک ذمہ داریاں نبھائیں جبکہ پاکستان سے جمیل محبوب مگوں مرحوم بھی کئی بار نائب صدر کی حیثیت سے فرائض نبھا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان آٹو پارٹس انڈسٹری کے ممتاز بزنس مین ایس ایم انعام سارک چیمبر کے بانی صدر تھے جنہوں نے 1985میں سارک چیمبر کی بنیاد رکھی جبکہ  پاکستان کے کوٹے میں سارک چیمبر آف کامرس کے دوسرے صدر ملک کے مستند بزنس لیڈر طارق سعید تھے۔

سارک جنوبی ایشیاء کی اور دنیا کی سب سے بڑی تنظیم مجموعی طور پر پاکستان کوسارک چیمبر کی صدارت3 مرتبہ ملی جبکہ بنگلہ دیش کو نومنتخب صدر جاشم الدین سمیت 3 مرتبہ،بھارت2 مرتبہ،سری لنکا2 مرتبہ ،مالدیپ 2 مرتبہ ،نیپال 2 مرتبہ،بھوٹان 1بار سارک چیمبر کی صدارت حاصل کرچکے ہیں۔

سبکدوش صدر افتخار علی ملک کا تین سالہ دورانیہ ــ”کورونا وائرس”  جیسی جان لیو بیماری کے سبب متاثر ہوا کیونکہ کووڈ نے خطے کے ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اس دوران دنیا بھر سمیت خطے کے ممالک بھی تجارتی وصنعتی اور سرمایہ کاری کے اعتبار سے شدید متاثر تھے جبکہ افتخار علی ملک کے صدارتی دورانیہ کو بھارت نے بھی متاثر کرنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن سبکدوش صدر نے اپنی ذہانت سے بھارت کے ہر حربے کوناکام بنایا۔

سبکدوش صدر افتخار علی ملک اپنے دور صدارت میں سارک چیمبرکا ہیڈکوارٹر نہ صرف ایک بار پھرپاکستان لائے بلکہ انہوں نے اسلام آباد میںسارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہیڈ آفس کی جدید ترین  9منزلہ نئی عمارت  اپنی زیرنگرانی تعمیر کرائی جس پر ایک اندازے کے مطابق 91کروڑ40لاکھ کے قریب لاگت آئی ہے  اور افتخار علی ملک بھی اپنی جیب سے کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس عمارت کیلئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پلاٹ سارک چیمبر کیلئے دیا تھا۔