میٹرک بورڈ، دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کا اختتام

384
میٹرک بورڈ، دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کا اختتام

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت نہم و دہم جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات اختتام پذیر ہوگئے اس سال تقریبا نہم و دہم جماعت میں تقریبا3 لاکھ 93ہزار 264طلبا وطالبات نے524امتحانی مراکز میں اپنے امتحانات دیئے۔

ان امتحانات کے دوران چیئرمین سید شرف علی شاہ، سیکریٹری بورڈ، ناظم امتحانات، محکمہ تعلیم کی بنائی گئی ویجیلنس ٹیموں،مختلف ڈسٹرکٹ کے کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی مراکز کے دورے کئے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے امتحانات کے دورانئے کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اس سال بورڈ آفس کے شکایتی سیل میں 522کیسز درج ہوئے جن میں 408امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، 17افراد اصل امیدوار کی جگہ پرچہ دے رہے تھے اور97امیدوار موبائل فون سے نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے یہ تمام کیسز بورڈ کی طرف سے بنائی گئی سزا دینے والی کمیٹی کے سپرد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال بھی نقل میں ملوث افراد کو اپنی اس گھنانی سازش کا کھل کر موقع نہیں مل سکا امتحانات کے دوران تمام اداروں کا تعاون حاصل رہا۔

انہوں نے کہا کہ پر عزم امتحانات کا انعقاد، میڈیا، والدین، سینئر اساتذہ پر مشتمل ٹیموں اور بورڈ کے عملے کو جاتا ہے جن کی دن رات کوششوں نے ثابت کیا کہ شفاف امتحانات کرانا ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن امتحانی مراکز سے نقل اور دیگرمعاملات کی شکایات موصول ہوئی ہیں آئندہ ان کو امتحانی سینٹرز نہیں بنایا جائے گا۔

اگلے سال امتحانات میں اور زیادہ بہتری لانے کیلئے مزید کام کیا جائے گا۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے بتایا کہ کاپیوں کی جانچ پڑتال کا کام بھی فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق میٹرک بورڈ نتائج کا اعلان بھی بروقت کرے گا۔

آخری پرچے کے دوران بورڈ کے شکایتی سیل میں 38 امیدواروں کی رپورٹ درج ہوئی جس میں 5افراد اصل امیدوار کی جگہ اور 23 امیدوار موبائل سے نقل کررہے تھے جبکہ 10امیدواروں سے نقل کا مواد برآمد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق نونہال سیکنڈری اسکول سائٹ ٹان سے ویجلینس ٹیم نے اصل امیدوار کی جگہ 5فرد اور 3امیدوار موبائل فون سے نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، الحماد روض الطفال سیکنڈری اسکول شاہ فیصل کالونی سے ویجلینس ٹیم نے 2امیدوار، فیلکن ہاس گرامر اسکول شاہ فیصل کالونی سے ویجلینس ٹیم نے 3امیدواروں سے موبائل فون اور نقل کا مواد برآمد، عبدالحفیظ میموریل چتاری لانڈھی سے ویجلینس ٹیم نے 17امیدوار موبائل فون سے جبکہ 3امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے۔

گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر1سے ویجلینس ٹیم نے 4امیدواروں سے موبائل فون اور نقل کرتے ہوئے پکڑے اور شاہین پبلک اسکول گلستان جوہر سے ویجلینس ٹیم نے 1امیدوار کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔