تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، خواجہ آصف

313
negotiations

لاہور: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف  نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جناح ہاوس پر حملہ اور دیگر شہروں میں پرتشدد واقعات منصوبہ بندی کے ساتھ ہوئے اور یہ ریاست کے خلاف باقاعدہ بغاوت تھی۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم نے ٹی وی اسکرینز پر 14، 15 دن میں دیکھا ، یہ سب یہاں آکر دیکھنا بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جناح ہاوس کو آگ لگائی گئی اور نقصان پہنچایا گیا، یہ سب منصوبہ بندی کے تحت تھا۔ جتنے واقعات اس روز ہوئے اور تمام شہروں میں ہوئے، اس سے پیغام ملے گا کہ یہ ایک باقاعدہ بغاوت تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے 8، 10 دن کی تیاری کی گئی۔ میرے نزدیک یہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا، اس کا ری ایکشن نہیں آیا، گرفتاری کا کیوں آیا؟ عمران خان نے اپنی گفتگو میں کبھی موقع نہیں چھوڑا ۔ عمران خان نے پاک فوج کو ہمیشہ نشانہ بنایا ہے۔ یہ دکھ اور رنج کی بات ہے۔