کراچی: وزیراعظم نے ‘‘کے فور’’ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

358

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے شہر قائد کو درپیش پانی کے مسئلے کے حل کے لیے کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج صبح اپنے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے جہاں گورنر سندھ نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے ایکسپو میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا اور پھر وزیراعظم نے کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر وفاقی و صوبائی وزرا بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج اس منصوبے کا افتتاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ اُس وقت کے وزیراعظم کے فور منصوبہ مکمل کرتے، انہوں نے کس طرح کے فور کو سرد خانے کی نذر کیا گیا۔ وہ چور ڈاکو کی گردان کرتے رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے ساتھ پانی پر سیاست کرنا بہت بڑا ظلم اور جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی کمائی سے پورا ملک فائدہ اٹھاتا ہے۔ اس شہر نے لوگوں کو اپنی گود میں جگہ دی اور اسے پینے کا پانی بھی نہ ملے، یہ بڑی ناانصافی ہے۔